کل سے گندم بڑھاؤ مہم کاآغاز، طلبہ و اساتذہ کھیتوں کا دورہ کرینگے
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر کی ہدایت پر یونیورسٹی میں کمیٹیاں تشکیل
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور محکمہ توسیع زراعت حکومت پنجاب کے تعاون سے کل سے 16 نومبر تک گندم بڑھاؤ مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔ اس مہم کے تحت زرعی یونیورسٹی کے ہزاروں طلبہ و اساتذہ صوبے کے چھ ڈویژنز کے کھیتوں اور کھلیانوں کا دورہ کریں گے اور کاشتکاروں کو زرعی ماہرین کی سفارشات سے آگاہ کریں گے تاکہ گندم کی اوسط فی ایکڑ پیداوار بڑھائی جا سکے اور زرعی خوشحالی حاصل ہو۔سیکرٹری زراعت افتخار علی ساہو نے مہم کے فول پروف انتظامات کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی ہدایت پر یونیورسٹی میں کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔
جبکہ ڈین ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ اس مہم کے فوکل پرسن مقرر کیے گئے ہیں۔فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا اور ساہیوال ڈویژن میں فیکلٹی آف ایگریکلچر، فیکلٹی آف سوشل سائنسز، فیکلٹی آف ایگریکلچرل انجینئرنگ و ٹیکنالوجی اور فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری سے تعلق رکھنے والے بی ایس (پانچویں اور ساتویں سمسٹر) اور پوسٹ گریجویٹ (پہلے سے تیسرے سمسٹر) کے طلبہ ماہرین کی نگرانی میں مختلف دیہاتوں کا دورہ کریں گے ۔ اس دوران کاشتکاروں کو بروقت بوائی، تصدیق شدہ بیج، متناسب کھاد کے استعمال اور دیگر زرعی سفارشات سے روشناس کروایا جائے گا۔