ٹھیکریوالا: چک 31 ج ب میں سڑک کی تعمیر کا کام شروع
لاگت ایک کروڑ 70 لاکھ روپے ،رانا ثنا اللہ نے خصوصی طور پر فنڈز منظور کروائے
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا )حلقہ این اے 100 کے چک نمبر 31 ج۔ب میں سڑک کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ منصوبے پر ایک کروڑ 70 لاکھ روپے لاگت آئے گی جبکہ اسے تین ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ سڑک کی تعمیر کے لیے رانا ثنااللہ خاں نے خصوصی طور پر فنڈز منظور کروائے ۔چک نمبر 31 ج۔ب کی مرکزی سڑک کئی دہائیوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی، جس کے باعث عوام کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ تعمیراتی کام کے آغاز پر علاقہ مکینوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔علاقہ مکینوں نے \"میڈیا\" سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امین پور روڈ سے 31 ج ب تک سڑک کی خستہ حالی کے باعث روزانہ آمدورفت میں دشواریاں پیش آتی تھیں، جبکہ بارش کے دنوں میں پانی جمع ہونے سے مسائل مزید بڑھ جاتے تھے ۔ سڑک کی تعمیر سے نہ صرف جدید اور آرام دہ سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ آمدورفت بھی آسان ہو جائے گی۔