ٹو بہ : بین المدارس کھیلوں کے مقابلے ، طلبہ کی صلاحیتوں کی نمائش
سی ای او ایجوکیشن راحیلہ جمیل نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بین المدارس کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے ، جن میں تحصیل کے مختلف سرکاری سکولوں کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ مقابلوں میں فٹبال، کرکٹ، والی بال، ایتھلیٹکس، رسہ کشی سمیت دیگر کھیل شامل تھے ۔تقریب کی مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن راحیلہ جمیل تھیں، جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریب میں اسپورٹس سرگرمیوں کے ساتھ شاندار ٹیبلو بھی پیش کیا گیا، جس میں قومی یکجہتی، محنت اور امن کے پیغامات اجاگر کیے گئے۔
علاوہ ازیں طلبہ نے مارشل آرٹس کا بھرپور اور متاثرکن مظاہرہ بھی پیش کیا۔سی ای او ایجوکیشن راحیلہ جمیل نے خطاب میں کہا کہ کھیلوں سے نظم و ضبط، ٹیم ورک اور برداشت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے ۔ پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق طلبہ کو آگے بڑھنے کے ہر ممکن مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کی نئی نسل ٹیلنٹ سے بھرپور ہے اور یہ مقابلے ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ راحیلہ جمیل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی سکولوں میں کھیل اور ثقافتی سرگرمیوں کا سلسلہ مزید توسیع کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔