جڑانوالہ:این اے 96 انتخابی معرکے کیلئے انتظامات مکمل

جڑانوالہ:این اے 96 انتخابی معرکے کیلئے انتظامات مکمل

حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 87 ہزار 124 ہے

جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 96 جڑانوالہ میں خالی نشست پر ضمنی انتخابات کے حوالے سے انتخابی شیڈول اور تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔ یہ نشست پی ٹی آئی کے رائے حیدر علی کھرل کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے 21 اگست 2025 کو الیکشن شیڈول کا اعلان کیا تھا۔جاری کردہ اعلان کے مطابق پولنگ 23 نومبر 2025 کو ہوگی۔ حلقہ این اے 96 کی حدود میں جڑانوالہ سٹی، جڑانوالہ صدر، لنڈیانوالہ، بچیانہ، چک حماندا اور اواغت شامل ہیں۔انتخابی انتظامات کے حوالے سے افسران کی نامزدگیاں بھی کر دی گئی ہیں، جن میں ڈی آر او کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد، آر او عبدالرؤف، سی ای او ایف ڈبلیو ایم سی، اے آر او زرنگزیب گورایہ اسسٹنٹ کمشنر اور نور حسن شامل ہیں۔ مانیٹرنگ ٹیم میں ڈی ایم او مرتضیٰ ملک، ایم او محسن مظہر اور اسد اقبال شامل ہیں۔حلقے میں مجموعی طور پر 16 امیدوار میدان میں اترے ہیں، جن میں مسلم لیگ ن واحد سیاسی جماعت ہے جس نے بلال چودھری کو ٹکٹ جاری کیا ہے ، جبکہ دیگر 15 امیدوار آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔

حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 87 ہزار 124 ہے ، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 14 ہزار 133 اور خواتین ووٹرز 2 لاکھ 72 ہزار 991 ہیں۔الیکشن ڈے کے لیے کل 345 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں مردانہ سٹیشنز 126، زنانہ سٹیشنز 123اور مشترکہ 96 ہیں۔ پولنگ بوتھ کی مجموعی تعداد 1057 مقرر کی گئی ہے ۔ پولنگ عملے میں 345پریذائیڈنگ آفیسرز، 1057 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسرز، 1057پولنگ آفیسرز اور 345نائب قاصد شامل ہیں، جبکہ ریزرو اسٹاف بھی تعینات ہوگا۔الیکشن کمیشن نے این اے 96 میں 23 نومبر کو ہونے والے انتخابی معرکے کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں