ڈائریکٹر لائیوسٹاک کا منڈیوں کا دورہ، ویٹرنری سہولیات کا جائزہ
ڈاکٹر حیدر علی خان نے ادویات، ویٹرنری کیمپس اور سٹاف کی حاضری چیک کی
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان نے عیدالاضحیٰ انتظامات کے سلسلے میں ماڈل مویشی منڈی جھنگ اور عارضی سیل پوائنٹ اٹھارہ ہزاری کا دورہ کیا۔انہوں نے محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے بیوپاریوں اور خریداروں کو فراہم کی جانے والی ویٹرنری سہولیات اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے تعینات سٹاف کی حاضری اور کارکردگی کا معائنہ کیا جبکہ ویٹرنری کیمپس، علاج معالجہ کی سہولیات اور ادویات کی دستیابی کو بھی چیک کیا۔انہوں نے چچڑ مار سپرے سرگرمیوں اور دیگر احتیاطی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے جانوروں کی صحت کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔