سی پی او کا اردل روم، پولیس اہلکاروں کے مسائل سنے

 سی پی او کا اردل روم، پولیس اہلکاروں کے مسائل سنے

سروس اور تبادلوں سے متعلق درخواستوں پر فوری احکامات جاری تنویر حسین نے ڈولفن فورس ہیڈکوارٹر کادورہ بھی کیا، انتظامات کا جائزہ لیا

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کی جانب سے اردل روم کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر سنے گئے ۔تفصیلات کے مطابق اردل روم میں پولیس اہلکاروں نے سروس، تبادلوں اور دیگر محکمانہ امور سے متعلق درخواستیں پیش کیں۔ سی پی او فیصل آباد نے ذاتی و محکمانہ مسائل کا تفصیلی جائزہ لے کر متعلقہ افسران کو فوری احکامات جاری کیے ۔اس حوالے سے سی پی او کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں نظم و ضبط، میرٹ اور قانون کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ پولیس فورس کو بہتر ورکنگ ماحول اور مسائل کے بروقت حل کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ فرائض میں غفلت، لاپرواہی اور غیر ذمہ دارانہ رویے پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

دریں اثناء سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کی جانب سے ڈولفن فورس ہیڈکوارٹر کے دورے کے دوران جوانوں کی کارکردگی اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا ،اس موقع پر ڈی ایس پی ڈولفن ہیڈکوارٹر طاہر مقصود، انچارج ڈولفن عبدالوہاب اور ڈولفن فورس کے جوان وہاں موجود تھے ۔ سی پی او تنویر حسین نے ڈولفن فورس کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے پیشہ ورانہ فرائض، الرٹ ڈیوٹی اور شہریوں کے تحفظ سے متعلق اہم ہدایات جاری کیں۔ڈی ایس پی ڈولفن ہیڈکوارٹر کی جانب سے سی پی او فیصل آباد کو فورس کی کارکردگی، گشت اور سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سی پی او فیصل آباد نے بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات کے مؤثر استعمال کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر سی پی او نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کیلئے ٹیم ورک، بروقت رسپانس اور پیشہ ورانہ مہارت ناگزیر ہے ،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جدید ٹیکنالوجی، باہمی روابط اور فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے ، گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں