ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کا مویشی منڈیوں ، سیل پوائنٹس کا دورہ

ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کا مویشی منڈیوں ، سیل پوائنٹس کا دورہ

بھوانہ سیل پوائنٹ پر ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار، کارروائی کا حکم

چنیوٹ،لالیاں(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا) ضلعی انتظامیہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے بنائے گئے سیل پوائنٹس پر بیوپاریوں اور خریداروں کیلئے بہترین انتظامات و سہولیات کی فراہمی کیلئے متحرک ہے ۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد احمر علی، اسسٹنٹ کمشنر شائستہ جبین، سیکرٹری ڈی آر ڈی اے و دیگر کے ہمراہ مویشی منڈی سیل پوائنٹس چنیوٹ، بھوانہ اور لالیاں کے دورے کئے ۔ڈپٹی کمشنر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے حوالے سے کیٹل مارکیٹ کی جانب سے کئے گئے انتظامات و سہولیات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے کیمپس کا بھی دورہ کیا اور سٹاف کی حاضری کو چیک کیا۔انہوں نے محکموں کے افسران کوضروری ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سیل پوائنٹس میں 24 گھنٹے تمام متعلقہ محکموں کا سٹاف مرحلہ وار ڈیوٹی کرے گا،کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے اسسٹنٹ کمشنر بھوانہ شینا اعظم کے ہمراہ مویشی منڈی سیل پوائنٹ نلکہ اڈا تحصیل بھوانہ کا دورہ کیا، انتظامات و سہولیات کا جائزہ لیا اور مناسب انتظامات نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور اسسٹنٹ کمشنر بھوانہ کو ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔آخر میں ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر لالیاں ڈاکٹر انس سعید کے ہمراہ مویشی منڈی سیل پوائنٹ لالیاں کا بھی دورہ کیا اور صفائی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں