عیدپر صفائی کاجامع پلان تیار، ملازمین کی چھٹیاں منسوخ
غیر محفوظ جھولے فوری بند، اوور چارجنگ برداشت نہیں ہوگی:ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے آلائشوں کی بروقت تلفی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دیں
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر کی زیر صدارت عیدالاضحیٰ کے موقع پر آپریشنل انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی، اسسٹنٹ کمشنرز سٹی، صدر، تاندلیانوالہ، سمندری، جڑانوالہ، چک جھمرہ سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی اور شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع مانیٹرنگ پلان مرتب کرکے فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب، پیرا، سول ڈیفنس، ریونیو، ضلع کونسل اور دیگر متعلقہ محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عید کے تینوں دن فیلڈ میں متحرک موجودگی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو خصوصی طور پر ہدایت کی کہ صفائی آپریشن کی مسلسل نگرانی کریں اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کی بروقت تلفی ہونی چاہئے ۔اجلاس میں قبرستانوں، پارکوں، عیدگاہوں، بس اڈوں، ہسپتالوں اور عوامی واش رومز کی خصوصی صفائی کے احکامات بھی جاری کئے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے خطرناک اور غیر محفوظ میکینیکل جھولوں اور رائیڈز کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں خصوصاً بچوں کی جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مسافر بسوں میں اوور چارجنگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے تینوں دن اضافی نفری کے ساتھ دن رات آپریشن جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہری مسائل کے فوری حل اور شکایات کے اندراج کیلئے 1139 ہیلپ لائن چوبیس گھنٹے فعال رہے گی، جہاں شہری کسی بھی شکایت یا مسئلے کی اطلاع دے سکیں گے ۔