کمشنر فیصل آباد کا دورہ گوجرہ ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ
عیدالاضحیٰ کے انتظامات کا معائنہ ،30 جون تک ریکوری اہداف مکمل کریں :مسرت جبیں تعمیراتی عمل میں سست روی پر ٹھیکیدار کی سرزنش ، بلیک لسٹ کرنیکا عندیہ بھی دیدیا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے تحصیل گوجرہ کا دورہ کیا اور عیدالاضحیٰ کے حوالے سے قائم عارضی سیل پوائنٹ میں جاکر انتظامات چیک کئے ۔ انہوں نے پینے کے ٹھنڈے پانی کی دستیابی، لائیو سٹاک کاؤنٹر پر ادویات سمیت ریسکیو 1122، ہیلتھ و دیگر کاؤنٹرز پر سٹاف کی ڈیوٹی چیک کی جبکہ پارکنگ کے انتظامات اور فیس وصولی بارے بیوپاریوں و خریداروں سے دریافت کیا۔انہوں نے صفائی کا اعلیٰ معیار قائم رکھنے اور تمام تر انتظامات کو عیدالاضحیٰ تک برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کے عارضی سیل پوائنٹس میں بیوپاریوں اور خریداروں کیلئے عمدہ انتظامات برقرار ہیں۔
کمشنر نے میونسپل کمیٹی آفس میں اجلاس کی صدارت کی اور عوامی بہبود کے اقدامات پر عملدرآمد بارے بریفنگ لی۔ انہوں نے تحصیل کے داخلی راستوں کو جاذب نظر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس مکمل فعال ہونے چاہئیں ۔انہوں نے ریونیو افسران سے اہداف کی تکمیل پر تفصیلات لیں اور سختی سے کہا کہ 30 جون تک ریکوری کے ٹارگٹس مکمل کئے جائیں۔کمشنر نے میونسپل کمیٹی آفس سے ملحقہ مقام پر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ نے بتایا کہ تحصیل گوجرہ میں 6 ارب روپے کی لاگت سے سیوریج سسٹم کی بحالی، سٹورم واٹر ڈرینج سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
کمشنر نے تعمیراتی عمل میں سست روی پر ٹھیکیدار کی سرزنش کی اور مرحلہ وار کام مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے 30 جون تک کام مکمل نہ ہونے پر ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کرنے کا عندیہ دیا۔کمشنر نے تحصیل گوجرہ میں ستھرا پنجاب اتھارٹی کے آگاہی کیمپ کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں عیدالاضحیٰ انتظامات مکمل ہیں۔کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال جاکر طبی انتظامات کا مشاہدہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی۔ انہوں نے مریضوں کو انتظار اور قطار کی زحمت سے بچانے کیلئے اضافی بینچز اور ڈیجیٹل ٹوکن سسٹم نصب کرانے کی ہدایت کی۔کمشنر نے انڈر پاس، بیوٹیفکیشن پراجیکٹ، زیر تعمیر سہولت بازار کا بھی دورہ کیا۔