عید پر جھنگ میں میگا صفائی پلان تیار، 6108 اہلکار تعینات
مساجد، عیدگاہوں اور اہم عوامی مقامات کی صفائی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عیدالاضحی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ جھنگ نے جامع اور میگا صفائی پلان تیار کر لیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر اور ایم ڈی سی ستھرا پنجاب ایجنسی جھنگ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ عیدالاضحی سے قبل مساجد، عیدگاہوں اور اہم عوامی مقامات کی صفائی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ صفائی عملے کو چونا، فینائل اور عرقِ گلاب بھی فراہم کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول میسر آ سکے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی چاروں تحصیلوں جھنگ، شورکوٹ، اٹھارہ ہزاری اور احمد پور سیال میں تین روزہ خصوصی صفائی آپریشن کیلئے مجموعی طور پر 1236 مشینری فیلڈ میں حصہ لے گی، جن میں 859 لوڈر رکشے ، 43 پک اپ شہزور، 94 ٹریکٹر لوڈر، 174 ٹریکٹر ٹرالیاں، 38ڈمپر اور 28ایکسکیویٹر شامل ہیں۔ پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ قربانی کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے ضلع بھر میں 180358 خصوصی بیگز فراہم کئے جائیں گے جبکہ آلائشوں کی تلفی کیلئے 111 خندقیں بھی کھودی جا رہی ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہریوں کی رہنمائی اور عید کی خوشیوں کو اجاگر کرنے کیلئے ضلع بھر میں 26 مقامات پر فلاور گیٹس قائم کئے جائیں گے۔ جبکہ یونین کونسل کی سطح پر 95 کلیکشن پوائنٹس اور کیمپس بھی بنائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ صفائی آپریشن کو کامیاب بنانے کیلئے دو شفٹوں میں مجموعی طور پر 6108 اہلکار فرائض سرانجام دیں گے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور قربانی کی آلائشیں مقررہ مقامات پر رکھیں تاکہ عید کے دوران صاف ستھرا اور صحت مند ماحول یقینی بنایا جا سکے ۔