عید پر کشمیر،فلسطین کے مسلمانوں کو یاد رکھیں :جماعت اسلامی

عید پر کشمیر،فلسطین کے مسلمانوں کو یاد رکھیں :جماعت اسلامی

شہری کھالیں الخدمت فاؤنڈیشن کو دیں تاکہ خدمتِ جاری رہے :چودھری محمد سلیم

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیر چودھری محمد سلیم نے عیدالاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں قوم سے اپیل کی ہے کہ عید کی خوشیوں میں غریب اور مجبور ہم وطنوں سمیت کشمیر، فلسطین اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کو بھی یاد رکھا جائے اور اپنی قربانیوں میں ان کا حصہ بھی شامل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں مانگے کہ وہ آسمانی و زمینی آفات اور دہشت گردی سے ملک و قوم کو اپنی پناہ میں رکھے اور ہم پر منڈلاتے عذاب ٹال دے ۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی گزشتہ 79 برس سے خدمتِ خلق کے مشن میں مصروفِ عمل ہے ، شہری قربانی کی کھالیں الخدمت فاؤنڈیشن کو دیں تاکہ خدمتِ انسانیت کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے ۔چودھری محمد سلیم نے کہا کہ حج اور قربانی کی اصل روح اللہ تعالیٰ کی غیرمشروط اطاعت ہے ۔ دین کے تقاضے پورے کرنے کیلئے جس محنت، ایثار اور قربانی کی ضرورت ہے وہ اسوۂ ابراہیمیؑ میں موجود ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ قربانی کے عالمگیر اور آفاقی پیغام کو دنیا بھر میں عام کیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام عبادات اور قربانیاں رجوع الی اللہ کی تڑپ کے بغیر بے روح ہیں۔ مسلمان کی زندگی کا اصل مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا کا حصول اور اس کی اطاعت ہے ۔ حج اور عیدالاضحی کا پیغام بھی یہی ہے کہ مسلمان کی زندگی، اعمال، محبتوں اور تمام معاملات کا رخ اللہ تعالیٰ کی طرف ہونا چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں