نہروں میں نہانے پر پابندی ،سختی سے عملدرآمد کا حکم

 نہروں میں نہانے پر پابندی ،سختی سے عملدرآمد کا حکم

خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے :سی پی او

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے پولیس افسران اور ملازمین کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہروں میں نہانے پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر اور کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کیلئے مؤثر حکمت عملی مرتب کی جائے جبکہ ای پولیس پوسٹس اور ناکہ جات پر افراد اور گاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ چیکنگ کو یقینی بنایا جائے ۔سی پی او فیصل آباد نے ہدایت کی کہ سیف سٹی کیمروں اور متعلقہ عملے کے ساتھ مربوط رابطوں کے ذریعے جرائم کی ٹریسنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جا سکے ۔انہوں نے واضح کیا کہ عیدالاضحی کے دوران کسی بھی قسم کی قانون شکنی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام افسران پٹرولنگ نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنائیں تاکہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں