عیدالاضحی پر سکیورٹی انتظامات مکمل : ڈاکٹر نوید عاطف
سینئر پولیس افسر سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کریں گے ، گشت بہتر بنایا جائیگا
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)پولیس کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلع بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنا لیا گیا ہے ۔ سینئر پولیس افسر سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کریں گے انہوں نے بتایا کہ نماز عید کے موقع پر ضلع بھر میں ایس پی، ڈی ایس پیز، انسپکٹرز سمیت ایک ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے ۔ اہم اجتماعات پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے ۔
ڈی پی او کے مطابق اہم مقامات کی چھتوں پر مسلح اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ پل دریائے چناب پر چار سو سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔ ایلیٹ فورس اور فالکن اسکواڈ شہر و گردونواح میں موثر گشت کریں گے جبکہ ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں مربوط حکمت عملی کے تحت امن و امان برقرار رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریزرو نفری پولیس لائن میں اسٹینڈ بائی رہے گی۔ بازاروں اور مارکیٹوں میں پولیس موبائلز اور محافظ سکواڈ کی گشت بڑھا دی گئی ہے جبکہ اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے ۔ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کو خصوصی ڈیوٹی سونپی گئی ہے جبکہ ون ویلنگ، بغیر سلنسر موٹر سائیکل اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے مختلف مقامات پر چیک پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔