کوئٹہ جعفر ایکسپریس دھماکہ انتہائی المناک سانحہ : جمعیت اہلحدیث
معصوم شہریوں کی جان سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں:رہنما
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم، ناظم اعلیٰ علامہ عبدالرشید حجازی اور خالد محمود اعظم آبادی نے کوئٹہ میں جعفر ایکسپریس ٹرین دھماکے میں 25 سے زائد افراد کے جاں بحق اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔اپنے مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء و سالمیت کو کمزور کرنے اور بے گناہ و معصوم شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ٹرین دھماکہ انتہائی المناک اور کربناک دہشتگردانہ واقعہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔
سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم نے کہا کہ معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے انسان نہیں بلکہ خونخوار درندے ہیں جو دہشتگردی اور تشدد کے ذریعے پاکستان کے امن و امان اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتی ہے ۔ رہنماؤں نے شہداکے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ایک عرصے سے دہشتگرد عناصر بیرونی ایجنڈے کے تحت خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مطالبہ کیا گیا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جائے ۔