عید کے سلسلے میں لائیوسٹاک محکمہ کے خصوصی انتظامات

عید کے سلسلے میں لائیوسٹاک محکمہ کے خصوصی انتظامات

چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں کنٹرول رومز قائم

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈویژن کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ڈویژن بھر میں قائم مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس پر خصوصی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان کی زیر نگرانی فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں مرکزی و ضلعی سطح پر خصوصی کنٹرول رومز قائم کر دیئے گئے ہیں، جہاں ویٹرنری عملہ تین شفٹوں میں 24 گھنٹے خدمات سرانجام دے رہا ہے تاکہ شہریوں اور مویشی پال حضرات کو بروقت اور مؤثر ویٹرنری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ڈویژن بھر میں قائم مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس پر ویٹرنری ڈسپنسریز، چیچڑ مار سپرے ، مکھی و مچھر کنٹرول مہم، جانوروں کے علاج معالجے اور ابتدائی طبی امداد کے انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ ماہر ویٹرنری ڈاکٹرز اور فیلڈ سٹاف قربانی کے جانوروں کی صحت کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔مزید بتایا گیا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر سول ویٹرنری ہسپتالوں کو عید کے ایام میں 24 گھنٹے کے لئے جزوی طور پر فعال کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں