پاکستان کی طرف اٹھنے والی میلی آنکھ کو ناکام بنادینگے :سنی تحریک
ذاتی، سیاسی اور مذہبی اختلافات سے بالاتر ہو کر پاکستانی پرچم تلے متحد ہونا چاہیے
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)پاکستان سنی تحریک کے صوبائی صدر وسطی پنجاب سردار محمد طاہر ڈوگر کی زیرِ صدارت ہنگامی ‘‘بنیان مرصوص ورکرز اجلاس’’ منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد طاہر ڈوگر نے کہا کہ پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو ناکام بنا دیں گے اور پاکستان سنی تحریک ملکی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو فرقہ واریت، لسانیت اور سیاسی گروہ بندی کی لعنت سے نجات دلانے کا وقت آچکا ہے اور پاکستان کو فرقہ واریت کی دلدل میں جانے سے روکنا ہوگا۔ تمام مذہبی، سیاسی اور سماجی طبقات کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذاتی، سیاسی اور مذہبی اختلافات سے بالاتر ہو کر پاکستانی پرچم تلے متحد ہونا چاہیے۔
سردار محمد طاہر ڈوگر نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کی صورت میں پاکستان برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے اور اس کی ہر سازش کا مل کر ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ نسلِ نو کو قوم کا مستقبل قرار دیتے ہوئے انہوں نے تعلیم، صحت اور تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ قوم کا بچہ بچہ پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ملکی سلامتی، امن اور قومی یکجہتی کیلئے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اجلاس سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہم آہنگی، بھائی چارگی اور اخوت کے فروغ کیلئے باہمی نفرتوں کا خاتمہ ضروری ہے ۔