چناب کلب میں بےضابطگیاں، انکوائری کمیٹی قائم
ایگزیکٹو کمیٹی کی منظوری کے بغیر تزئین و آرائش کے کام شروع کیے گئے ، ٹھیکے من پسند اور قریبی تعلقات کے حامل ٹھیکیداروں کو دئیے گئے ، تعمیراتی کام روکنے کا حکم
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)چناب کلب میں کمروں کی تزئین و آرائش اور مرمت کے جاری کام کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں اور بدعنوانیوں کے انکشافات سامنے آنے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق چناب کلب انتظامیہ کی جانب سے ایگزیکٹو کمیٹی کی منظوری کے بغیر ہی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کے کام شروع کیے گئے ، جبکہ ٹھیکے مبینہ طور پر من پسند اور قریبی تعلقات کے حامل ٹھیکیداروں کو دئیے گئے ۔اس صورتحال پر ایگزیکٹو کمیٹی کے ایک رکن میاں نعیم احمد نے سیکرٹری چناب کلب ڈاکٹر عبیرہ حلیم ملک کے خلاف ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر کو درخواست دی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے من پسند ٹھیکیدار کو ٹھیکہ دیا گیا اور کلب فنڈز میں مبینہ طور پر بے ضابطگیوں کے خدشات موجود ہیں۔ درخواست موصول ہونے پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے فوری نوٹس لیتے ہوئے چناب کلب میں جاری تمام تعمیراتی کام روکنے کا حکم جاری کر دیا ہے ۔مزید برآں معاملے کی شفاف تحقیقات کیلئے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ، جس کی سربراہی ڈی جی ایف ڈی اے آصف چودھری کریں گے ۔ کمیٹی میں ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو فیصل آباد احسن فیروز اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نوید اقبال بھی شامل ہیں۔انکوائری کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر جامع رپورٹ پیش کرے اور ذمہ داران کے تعین کے ساتھ کارروائی کے لیے سفارشات بھی ارسال کرے ۔