عیدالاضحی کیلئےسکیورٹی پلان، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ پر سخت کارروائی کا حکم
سی پی او کا اہم اجلاس ،مویشی منڈیوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کو الرٹ رہنے اور سخت نگرانی کی ہدایات ،تفریحی مقامات، پارکس میں بھی سختی ،عید کے اجتماعات کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کی جانب سے کمیونٹی انگیجمنٹ سنٹر میں عیدالاضحی سکیورٹی پلان کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز عمران احمد ملک، ایس ایس پی انویسٹی گیشن احمد نواز شاہ، سی ٹی او ناصر محمود اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سی پی او فیصل آباد نے مویشی منڈیوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کو الرٹ رہنے اور سخت نگرانی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے عیدالاضحی کے موقع پر تفریحی مقامات، پارکس اور دیگر عوامی مقامات پر سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔ اس موقع پر سی پی او کا کہنا تھا کہ نمازِ عید کے اجتماعات اور تمام عبادت گاہوں کی فول پروف سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔سی پی او فیصل آباد نے ہدایت کی کہ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔