کلین اینڈگرین پاکستان انڈیکس مہم 2021کے فیز 2کا آغاز
ماس شجرکاری سے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ریکارڈ درج کرانے کیلئے پلان تیار , محکمہ تعلیم کو شجرکاری کا سب سے بڑا ہدف سونپا گیا :سہیل خواجہ ،اجلاس سے خطاب
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد سہیل خواجہ کی زیر صدارت کلین اینڈگرین پاکستان انڈیکس مہم 2021 کے فیز 2 کا آغاز کردیاگیا، اجلاس کے شرکاء کو وزیراعظم کی کلین اینڈگرین پاکستان مہم کے اہداف اور اغراض و مقاصد بارے بریفنگ دی گئی ، اجلاس سے خطاب کرتے ڈپٹی کمشنر محمد سہیل خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق گو گرین گوجرانوالہ سلوگن سے کلین گرین پاکستان انڈیکس مہم کا آغاز کردیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم کو شجرکاری کا سب سے بڑا ہدف سونپ دیاگیا جس میں ضلع بھر کے تمام سرکاری سکولوں کے اساتذہ، طلبا و طالبات اور سٹاف شریک ہوگا، اس کے علاوہ نجی سکولوں کو بھی آن بورڈ لیا گیا ہے ،ایک وقت میں ماس شجرکاری کے ذریعے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ریکارڈ درج کرانے کے لیے پلان تیار لیا گیا ہے ، تمام سرکاری سکولوں کے بچے اپنے گھروں، قریبی پارکوں ، گرین بیلٹس، سکولوں اور دیگر مقامات پراساتذہ کی نگرانی میں پودے لگائیں گے ۔ اس مہم کے لیے بچوں کو امتحانات میں اضافی نمبرز دیئے جائیں گے ، کلین اینڈ گرین مہم کے تمام 5 بنیادی کارکردگی اعشاریوں (صاف پانی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، شجرکاری، لیکوڈ ویسٹ اور ٹوٹل سنیٹیشن) کا جامع پلان تشکیل دیا جارہا ہے ۔ واسا، گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، پی ایچ اے ، میڑوپولیٹن کارپوریشن کا اس مہم میں بنیادی کردار ہو گا اوردیگر تمام محکمے بھی اس مہم کے دوران مقررہ انڈیکیٹرزکے حصول میں معاونت کرینگے ،ڈائریکٹر مانیٹرنگ لوکل گورنمنٹ پنجاب نجیب اسلم نے اجلاس کے شرکاء کو بتایاکہ یہ مہم 15 مارچ سے 15 ستمبر 2021 تک جاری رہے گی جس میں تمام محکمے اپنے اہداف مقررکریں گے ۔