ڈپٹی کمشنر گجرات کا کورونا ویکسی نیشن سنٹرز کا اچانک دورہ

ڈپٹی کمشنر گجرات کا کورونا ویکسی نیشن سنٹرز کا اچانک دورہ

انتظامات کا جائزہ، شہری میسج ملنے پر متعلقہ سنٹر پر جاکر ویکسین لگوائیں :سیف انور

لالہ موسیٰ ،گجرات(نمائندہ دنیا ،سٹی رپورٹر ، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے رات گئے کورونا ویکسی نیشن سنٹرز سپورٹس جمنیزیم گجرات، لوکل گورنمنٹ اکیڈمی لالہ موسیٰ ، ریسکیو1122بلڈنگ سرائے عالمگیر کا اچانک دور ہ کیا، وہاں موجود شہریوں سے سہولیات بارے دریافت کیا ، ڈی ایم ایس ڈاکٹر آصف محمود، محکمہ صحت کے افسر وں نے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی، ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازار ماڈل بازار ،شاہ جہانگیر روڈ اور مدینہ سیداں، علی پورہ روڈ کے علاقہ میں صفائی کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع گجرات میں پانچ ویکسی نیشن مراکز کام کر رہے ہیں جبکہ مزید چار مراکز کے قیام کیلئے انتظامات آخری مراحل میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کیلئے 71137افراد نے رجسٹریشن کرائی ہے ، 42604افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگا ئی جاچکی ہے ، ان میں سے 2628فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اور 7782شہریوں کو دوسری ڈوز بھی لگا دی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 40 سال اور اس زائد عمر کے شہریوں کی ویکسی نیشن شروع کر دی گئی ہے ، شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر 1166پر میسج کرکے اپنی رجسٹریشن کرائیں اور پیغام موصول ہونے پر متعلقہ سنٹر جاکر ویکسین لگوائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں