صنعت روڈ پر کھڑا پانی ندی نالے کا منظر پیش کرنے لگا

صنعت روڈ پر کھڑا پانی ندی نالے کا منظر پیش کرنے لگا

مزدور روزانہ گندے پانی سے گزر نے پر مجبور ،بدبواورتعفن سے سانس لینامحال

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر) جی ٹی روڈ سے ملحقہ کاروباری مرکز صنعت روڈ پر کئی ماہ سے کھڑا فیکٹری کا پانی ندی نالے کا منظر پیش کرنے لگا، مختلف فیکٹریوں میں کام کرنے والے سینکڑوں مزدور روزانہ گندے پانی سے گزر کر کام پر جانے پر مجبور ہیں۔ گندے پانی کی بدبو اور تعفن سے سانس لینا بھی محال ہوگیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ سے ملحقہ صنعت روڈ پر ڈائنگ مل میں استعمال ہونے والا پانی نکاس آب نہ ہونے کی وجہ سے مسلسل صنعت روڈ پر کھڑا رہتا ہے ، اس سلسلہ میں علاقہ مکینوں زاہد ،جرال، یونس جرال، حاجی اسحاق، ظفر مغل، افتخار خان، ملک عثمان زبیر، انصر، محمد قیصر، شیخ عامر، طاہر مغل، محمد رمضان، ملک راشد، بابر وحید، محمد بوٹا، پرویز، میاں محمد منشاء اور دیگر کا کہنا تھا کہ صنعت روڈ شہر کا معروف کاروباری مراکز ہے ،جہاں تین سو کے قریب چھوٹی بڑی فیکٹریاں ہیں لیکن یہاں تین ماہ سے فیکٹری میں استعمال ہونے والا پانی روڈ پر کھڑا ہے ، جس سے راہگیروں کا گزرنا محال ہوگیا ہے ، فیکٹری مالکان کا کہنا تھا کہ کئی بار متعلقہ محکموں کو درخواستیں دی ہیں لیکن کوئی بھی پیش رفت نہیں ہوئی،ڈپٹی کمشنر اور محکمہ واسا کے حکام سے فوری نوٹس لیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں