گوجرانوالہ گرین,پرسوں ایک منٹ میں ساڑھے4لاکھ پودے لگاکر عالمی ریکارڈ بنایا جائیگا
ڈپٹی کمشنر کی مقررہ اہداف حاصل کرنے کیلئے سکول پرنسپلزاورہیڈ ماسٹرزکو محنت،لگن اور قومی جذبے سے کام کرنیکی ہدایت
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد سہیل خواجہ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کے ضلع بھر کے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کے پرنسپلزاورہیڈ ماسٹرز کا اجلاس ہواجس میں وزیراعظم کی کلین اینڈ گرین مہم کے تحت، گو گوجرانوالہ گرین،کے حوالے سے ضلع بھر میں جمعہ کے روز ون ٹائم پلانٹیشن کرنے کے سلسلہ میں اہداف تفویض کئے گئے جس کے تحت بیک وقت ضلع میں طلبا وطالبات اور اساتذہ کے اشتراک سے ایک منٹ میں ساڑھے چار لاکھ پودے لگاکر عالمی ریکارڈ قائم کیاجائیگا۔ انہوں نے اس ضمن میں محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن کے افسران سے شجرکاری مہم کی تازہ ترین معلومات بارے استفسار کرتے ہوئے تحصیل اور مراکز سطح کے ہر افسر سے فرداً فرداً مقررہ اہداف سے متعلق تجاویز بھی لیں اور مل جل کر مہم کو کامیاب بنانے پر زور دیا اور یہ بھی معلوم کیا کہ مجموعی ہدف کا کس حد تک حاصل کیا جا چکا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے مقررہ اہداف حاصل کرنے کیلئے سکول پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرزکو محنت،لگن اور قومی جذبے سے کام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں سے انکے اپنے سکول یا قریبی مرکز میں پودے لگوائے جائیں جبکہ بچوں سے قریبی سکول کے علاوہ قریبی پارکس، روڈزکے دونوں اطراف،خالی سرکاری اراضی اور کینال کے کناروں پر شجر کاری کروائی جائے اور اس دوران کورونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جائے ۔