گلیانہ:آٹے میں زائد نمی پر فلور ملز کا گندم کو ٹہ معطل
ڈپٹی کمشنر نے لالہ موسیٰ رمضان بازار سے ناقص کوالٹی کے چاول بھی ہٹو ا دئیے
گلیانہ (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے سستا رمضان بازار کھاریاں، لالہ موسیٰ کا اچانک دورہ کیا، انہوں نے کھاریاں رمضان بازار میں سپلائی کئے جانیوالے آٹے میں مقررہ معیار سے زائد نمی پر ماڈرن فلور ملز کا پورے سیزن کیلئے گندم کا کوٹہ معطل کر دیا جبکہ رمضان بازار لالہ موسیٰ میں کریانہ کے تینوں سٹالز سے ناقص کوالٹی کے چاول ہٹانے کے احکامات جاری کر دئیے ۔ اے سی کھاریاں خالد عباس بھی ڈی سی کے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر رمضان بازار کھاریاں میں آٹے کے سٹال پر گئے اور اپنی موجودگی میں نمی چیک کرنے کا حکم دیا، دوران چیکنگ پایا گیا کہ آٹے میں نمی مقررہ معیار 13فیصد سے زائد ہے جس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے رمضان بازار کھاریاں میں آٹا سپلائی کرنیوالی ماڈرن فلور ملز کا پورے سیزن کا کوٹہ معطل کر دیا اور ڈی ایف سی کو ہدایت کی مذکورہ فلور ملز کیخلاف قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنے زیر انتظام رمضان بازاروں میں آٹے کی کوالٹی چیک کرائیں اور یقینی بنایا جائے کہ رمضان بازاروں میں شہریو ں کو معیاری آٹا فراہم کیا جائے ۔