سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل ہونگے :سلیم جوڑا

سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل ہونگے :سلیم جوڑا

مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر گولہ باری اور فائرنگ انسانیت سوزواقعہ ہے :پارلیمانی سیکرٹری

گجرات (نامہ نگار ،سٹی رپورٹر)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ریونیو چودھری سلیم سرور جوڑا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودیہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، سعودی عرب برادر اسلامی ملک ہے اور سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ مذہبی اور مضبوط ثقافتی تعلقات ہیں،خطے میں تیزی سے بڑھتی ہوئی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے دورہ کے مثبت نتائج برآمد ہونگے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے ،خادم الحرمین شریفین سلیمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزاد ہ محمد بن سلمان کے پاکستان کیلئے اچھے اور نیک جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، انشا اﷲ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل بھی حل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے ۔ سلیم سرور جوڑا نے مسجد اقصیٰ میں ہونے والے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا ہے کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی طرف سے فائرنگ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ، نمازیوں پر گولہ باری اور فائرنگ انسانیت سوزواقعہ ہے ،عالم اسلام کو بھی اس کا نوٹس لینا چاہیے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں