سوشل میڈیا کو ملکی تعمیر وترقی کیلئے استعمال کرنا چاہیے :کمشنر
گولڈن ٹرا ئی اینگل اضلاع میں صنعتی ومعاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اقدامات شروع
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر ) کمشنر ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے مثبت اور تعمیری استعمال سے عوامی، سماجی مسائل کے حل کیلئے سرکاری اداروں کو مزید متحرک اور فعال بنایا جا سکتا ہے اور سوشل میڈیا کی اہمیت اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر اس کی اثر انگیزی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں اس طاقتور ذریعہ ابلاغ کو ملکی تعمیر وترقی، سماجی بھائی چارے کے فروغ، امن و امان کے قیام، بین المسلمین اتحاد ویگانگت اور ملکی مفادات کیلئے ہی استعمال کرنا چاہیے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کے نمائندوں کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران کیا، کمشنر نے وفد سے ملاقات کے دوران اس توقع کا اظہار کیا کہ ایسوسی ایشن اپنے پلیٹ فارم سے گوجرانوالہ ڈویژن میں ہونے والے عوامی، فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر تشہیر کے ساتھ عوامی مسائل کی نیک نیتی، خلوص اور خدمت خلق کے جذبے سے نشان دہی کریگی تاکہ انکے فوری حل کیلئے متعلقہ حکام اور اداروں کو ہدایات جاری کی جا سکیں،انہوں نے مزید کہا کہ گولڈن ٹرا ئی اینگل میں شامل گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ کے اضلاع میں صنعتی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بھی خصوصی اور دوررس حکمت عملی سے اقدامات کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے تاکہ روز گار کے امکانات میں مزید وسعت، بہتری اور جدت لا ئی جا سکے ۔