سمبڑیال:افسروں کی جیب بھرے بغیر رجسٹری کرانا نا ممکن

سمبڑیال:افسروں کی جیب بھرے بغیر رجسٹری کرانا نا ممکن

کو ئی اضافی فیس نہیں ، ملوث ملازمین کیخلاف سخت ایکشن لیا جا ئیگا :ڈپٹی کمشنر

سمبڑیال( سٹی رپورٹر )سرکاری افسر وں کی جیب گرم کئے بغیر زمین کی رجسٹری و انتقال کرانا ناممکن ہو گیا ، سائلین سراپا احتجاج بن گئے ۔ تحصیل سمبڑیال میں زمین کی رجسٹری یا انتقال محکمہ مال کے عملہ کی جیب گرم کئے بغیر کرانا ‘‘جوئے شیرلانے ’’ کے مترادف ہو گیا،رجسٹری محرر نے کمرشل رجسٹری اور گھریلو رجسٹری کے مبینہ طور پر الگ الگ ریٹ مقرر کئے ہوئے ہیں جس کی ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں رجسٹری پر اعتراضات لگا د ئیے جاتے ہیں ، سائلین مجبوراًاپنے کام کے طے شدہ ریٹ ادا کر کے ہی اپنا کام کراتے ہیں ۔یاد رہے کہ اس نوعیت کی شکایت پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے تحصیل دار احمد رضا سلطان کے خلاف ایکشن لیا تھا وہ تین ہفتوں کیلئے میڈیکل رخصت پر چلے گئے ہیں اورضلعی انتظامیہ نے نئی تعیناتی ہونے تک سب رجسٹرار کے اضافی اختیارات اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال سلمان اکبر وڑائچ کو دے دئیے ہیں لیکن رجسٹری کرانے کے ریٹ جوں کے توں ہیں۔ سول سوسائٹی نے وزیراعلیٰ ، محکمہ اینٹی کرپشن سمیت ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا کہنا تھا کہ سرکاری فیس کے علاوہ کسی قسم کی کوئی فیس یا ریٹ نہیں ہے ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں