نجی کمپنیوں نے بجلی ٹرانسفارمرز کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

نجی کمپنیوں نے بجلی ٹرانسفارمرز کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

سخت شرائط اور مہنگے ٹرانسفارمرز سے صارفین نئے کنکشنز کے حصول کیلئے دربدر

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) گیپکو کے سٹوروں میں مختلف کیپسٹی کے ٹرانسفارمرز ختم ہونے کے بعد نجی کمپنیوں نے مختلف کیپسٹی کے ٹرانسفارمرز کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، گیپکو نے ہزاروں صارفین سے مختلف کیپسٹی10 کے وی اے ،15کے وی اے ،25کے وی اے اور50کے وی اے کے ٹرانسفارمرز کی تنصیب کیلئے کروڑوں روپے وصول کئے ہیں لیکن ٹرانسفارمرز ختم ہونے کے باعث کنکشنز فراہم نہیں کئے اور ٹرانسفارمرز کی قلت کے باعث پرائیویٹ طور پر ٹرانسفارمرز خریدنے کی اجازت دے دی،لاہور کی 12کمپنیوں کو پرائیویٹ ٹرانسفارمرز فروخت کرنے کی اجازت دی گئی اور سخت شرائط عائد کی گئیں کہ جن صارفین نے کمرشل ،زرعی ،انڈسٹریل اور گھریلو کنکشنز کے حصول کیلئے ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی کردی ہے انہیں پرائیویٹ طور پر لاہور کی متعین کردہ نجی کمپنیوں سے ٹرانسفارمرز خریدنے کا این او سی دیا جائے اور گیپکو کو جمع کروائی گئی رقوم بعد میں واپس کی جائے جس کے بعد نجی کمپنیوں نے ٹرانسفارمرز کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا ہے ، گیپکو کی طرف سے 10کے وی اے کے ٹرانسفارمرز کی قیمت صارفین سے 1لاکھ20ہزار وصول کی گئی لیکن نجی کمپنیاں2لاکھ روپے میں دے رہی ہیں، 25کے وی اے کے ٹرانسفارمر کی گیپکو میں قیمت1لاکھ90ہزار کے قریب لیکن پرائیویٹ طور پر3لاکھ روپے جبکہ50کے وی اے کے ٹرانسفارمر کی گیپکو میں قیمت3 لاکھ20ہزار اورپرائیویٹ کمپنیوں نے ساڑھے چار لاکھ روپے قیمت مقرر کی ہے ،سخت شرائط اور پرائیویٹ طور پر مہنگے ٹرانسفارمرز سے صارفین نئے کنکشنز کے حصول کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں