سیالکوٹ:ٹرانسفارمر کی قلت ،وولٹیج کی کمی بیشی ،اشیا جلنے لگیں
گیپکو حکام کی نا اہلی سے صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی میں مشکلات کا سامنا
سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )سیالکوٹ میں گیپکو حکام کی نا اہلی سے صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے ،ضلع بھر میں ٹرانسفارمر کی قلت ، بیشتر علاقوں میں وولٹیج کی کمی بیشی سے الیکٹرانکس کی مصنوعات جلنے لگیں ، گیپکو حکام سرکاری ٹیلی فون اٹھانے اور مسائل حل کرنے کی بجائے خواب خرگوش کے مزے لوٹنے لگے ۔ بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ ، بجلی کے وولٹیج میں کمی و بیشی ، ٹرانسفارمر کی ضلع بھر میں قلت سمیت گیپکو کا عملہ صارفین کی شکایات پر سرکاری ٹیلی فون نہیں اٹینڈ کر رہا ۔ صارفین گیپکو ایس ای ، ایکسین اور ایس ڈی او کی جانب سے ناروا رویہ اور مسائل کے حل کے بجائے چشم پوشی اختیار کرنے پر تشویش کا شکار ہیں ۔ گزشتہ کئی ماہ سے سیالکوٹ میں حکام کی نا اہلی سے گیپکو کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے ۔ سرکاری نمبر اٹھانے کے بجائے گیپکو افسر صارفین کو خوار کر رہے ہیں ۔ بیشتر افسر فیلڈ کا بہانا بنا کر دفاتر سے غائب ہیں ۔ معمولی شکایات کے لیے آنے والا گیپکو عملہ رشوت طلب کرتا ہے ۔ سیالکوٹ کے بیشتر مقامات پر ٹرانسفارمر خراب ہیں جنہیں مرمت نہیں کیا جا رہا ۔ شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پانی و بجلی ، چیف ایگزیکٹو گیپکو سمیت ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔