حافظ آباد شہر میں چوہوں کی بھرمار ،شہری پر یشان

 حافظ آباد شہر میں چوہوں کی بھرمار ،شہری پر یشان

گلیوں ،بازاروں میں سر عام پھر نے لگے ، تلفی مہم چلائی جا ئے :شہری

حافظ آباد(نمائندہ دنیا ، نامہ نگار)حافظ آباد شہر میں چوہوں کی بھرمار نے شہریوں کا جینا محال کردیا جبکہ چوہوں کی بہتات سے شہر میں طاعون جیسی موذی مرض پھیلنے کے خدشات پیداہوگئے ۔ حافظ آباد شہر میں کئی سال سے ہزاروں کی تعداد میں چوہے گلی محلوں میں سرعام پھرتے دکھائی دیتے ہیں ۔ یہ چوہے گھروں میں داخل ہوکر نہ صرف اشیا کو کھا کر زہریلا بنا رہے ہیں بلکہ قیمتی اشیا کو کاٹ کر بیکار کررہے ہیں۔ شہر میں چوہوں کی بڑھتی تعدادنے شہریوں کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ خطرناک چوہے گلیوں ، بازاروں، سڑکوں اور گھروں میں ہر جگہ آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں لیکن ابھی تک میونسپل کمیٹی یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تدارک کے لیے کسی قسم کے عملی اقدمات دیکھنے کو نہیں ملے جس کے باعث تعداد روز بروز بڑھتی جارہی ہے جس سے نہ صرف شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے بلکہ چوہے اب شہریوں کے لیے خوف کی علامت بھی بن گئے ہیں۔ شہریوں نے میونسپل کمیٹی کے ارباب اختیار اور ضلعی انتظامیہ کے ذمہ دار وں سے مطالبہ کیا ہے کہ حافظ آباد شہر میں فوری طور پر چوہا مار مہم شروع کی جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں