انتظامیہ اورواسا کا عید پر پانی کے نکاس کا منصوبہ فلاپ

انتظامیہ اورواسا کا عید پر پانی کے نکاس کا منصوبہ فلاپ

چند گھنٹوں کی بارش سے اہم شاہرات اور کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ اور واسا کا عید الاضحی پر پانی کے نکاس کا منصوبہ فلاپ ہو گیا ،چند گھنٹوں کی بارش سے شہر کی اہم شاہرات اور درجنوں علاقے پانی میں ڈوب گئے ، شہر کے تینوں انڈر پاسز میں پانی کھڑا ہونے سے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے راستے بند ہوگئے جبکہ واسا کی ٹیمیں بھی غائب ہوگئیں ۔ضلعی انتظامیہ اور محکمہ واسا نے مون سون کی بارشوں کے پانی کے نکاس کیلئے پلان تیار کیا اور جی ٹی روڈ سمیت اہم چوراہوں شاہرات پر کیمپ لگائے جبکہ موٹریں اور مشینری کو بھی فنکشل کیا تاکہ عید الاضحی کے موقع پر ہونے والی بارشوں کے پانی کو نکالاجاسکے اور شہریوں کو مشکلات سے محفوظ رکھا جاسکے لیکن گزشتہ روز ہونے والی بارش سے سول ہسپتال روڈ ،ڈی سی روڈ ،جناح روڈ ،کمشنر روڈ ،سیالکوٹ روڈ ،گوندلانوالہ روڈ ،دھلے ،باغبانپورہ ،سیٹلا ئٹ ٹاؤن ،فرید ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں بارش کا پانی سارا دن کھڑا رہا ۔اندرون شہر ڈی سی روڈ انڈر پاس ،پیپلز کالونی انڈر پاس اور حیدر ی روڈ انڈر پاس میں پانی کھڑا ہونے سے راستے بند ہوگئے ، سول ہسپتال میں مریضوں کو لے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا جبکہ بیشتر چوراہوں پر پانی کھڑا ہونے سے گاڑیاں بند ہوگئیں اور حادثات بھی رونما ہوئے ۔ضلعی انتظامیہ اور واسا حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ پانی کے نکاس کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو جلد پانی کے نکاس کو یقینی بنائیں گے اور عید الاضحی کے روز بھی ڈیوٹیاں دیں گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں