عید الاضحی پر شہر کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانا اداروں کیلئے چیلنج
پابندی کے باوجود بیشتر دکانداروں نے سری پائے جلانے کا منصوبہ بنالیا ،روک تھام کیلئے کو ئی ٹیم تشکیل نہ دی جا سکی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)عید الاضحی کے دوران ضلعی ا نتظامیہ اور پانچ حکومتی اداروں کیلئے شہر کی صفائی وستھرائی ،امن وامان برقرار رکھنا اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنا چیلنج بن گیا، حکومت کی طرف سے پابندی کے باوجود بیشتر دکانداروں نے سری پائے جلانے کا منصوبہ بنالیا جس سے ماحولیاتی آلودگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق سری پائے جلانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ، خلاف ورزی کر نیوالوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کادعویٰ کیا گیا ہے لیکن سری پائے جلانے اور ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کوئی ٹیم تشکیل نہیں دی گئی۔ اسکے علاوہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے پلان بناکر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ہزاروں ملازمین کی ڈیوٹیاں لگادیں اور سینکڑوں گاڑیاں مختص کی گئی ہیں جبکہ مون سون کی بارشوں سے محفوظ رکھنے اور پانی کے نکاس کیلئے محکمہ واسا کی ڈیوٹیاں لگادی گئیں جو واسا افسروں کیلئے چیلنج ہے ۔ شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرا ر رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس کو ٹاسک دیا گیا جبکہ امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور مساجد ،عیدگاہوں میں سکیورٹی تحفظ کیلئے پولیس افسر وں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔