انتہائی مطلوب انسانی سمگلروں کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے نے ٹیمیں تشکیل دیدیں

انتہائی مطلوب انسانی سمگلروں کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے نے ٹیمیں تشکیل دیدیں

عید کے دنوں میں ملزموں کے گھروں پر ریڈ کیا جائے گا ، مقدمات کا ریکارڈ اور ایڈریس بھی حاصل کر لئے گئے ،گر فتاری کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں :ایف آ ئی اے حکام کی بات چیت

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)ایف آئی اے نے انتہائی مطلوب انسانی سمگلروں کی عید الاضحی پر گرفتاری کیلئے منصوبہ بندی کر لی،گھروں سے گرفتاری کیلئے عید کے دنوں میں چھاپے مارے جائیں گے جس کیلئے ایف آئی اے نے ٹیمیں تشکیل دے دی ۔ ڈپٹی ڈائر یکٹر ریاض جنجوعہ نے انتہائی مطلوب انسانی سمگلروں کی عید پر گرفتاری کیلئے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو عید کے دنوں میں اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے ان کے گھروں پر ریڈ کریں گی ۔ایف آئی اے کو گوجرانوالہ ریجن میں28انتہائی مطلوب انسانی سمگلروں کی گرفتاری کا ٹاسک ملا ہے جن کے بارے میں یہ اطلاعات ہیں کہ ان میں سے کچھ بیرون ممالک روپوش ہیں جبکہ باقی اشتہاری ملزم فرار ہیں جو کبھی کبھار گھروں کو آتے ہیں اس لئے گرفتاری نہیں ہورہی۔ ان ملزموں کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے نے سپیشل پلان تیار کیا ہے تاکہ عید کے تین دنوں میں زیادہ سے زیادہ گر فتاریاں کی جا سکیں ۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ انتہائی مطلوب انسانی سمگلروں کی گر فتاری کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں