میٹنگ میں نارواسلوک پر بلدیاتی نمائندوں کا احتجاج

میٹنگ میں نارواسلوک پر بلدیاتی نمائندوں کا احتجاج

پنجاب حکومت کی ہدایت پربلایاگیااجلاس رسمی کارروائی کے بعدبغیرکسی نتیجہ کے ختم،پانی تک کاانتظام نہ تھا،سرکاری افسرشکست خوردہ عناصرکی چاپلوسی چھوڑدیں:ڈپٹی میئر

گوجرانوالہ( سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت کی طرف سے بلدیاتی اداروں کی بلائی گئی میٹنگ میں نارواسلوک پر میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ کے بلدیاتی نمائندوں نے احتجاج کیااوریوسی چیئرمینوں نے حکومت اور بیوروکریسی کے خلاف نعرے بازی کی، گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے بلدیاتی اداروں کی بحالی کے سلسلہ میں گوجرانوالہ کے بلدیاتی نمائندوں کی میٹنگ قائد اعظم سکول ہال میں بلائی تھی جس میں بلدیاتی نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی و صدر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سید ذوالقرنین نے شرکت کی اوربلدیاتی نمائندوں کیساتھ ناروا سلوک کیا اور اجلاس صرف رسمی کارروائی کے بعد بغیر کسی نتیجہ کے ختم کردیا گیا جس پر بلدیاتی نمائندوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت پنجاب و ضلعی انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کی، ڈپٹی میئر رانا مقصود اور یوسی چیئرمین عامر اکرام بٹ، ملک متین اعوان، شعیب بٹ ودیگر کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کا منتخب بلدیاتی نمائندوں کیساتھ رویہ افسوسناک ہے ،میٹنگ میں بلدیاتی نمائندوں کیلئے پینے کے پانی کا بھی انتظام نہ تھا ،ضلعی انتظامیہ اور سرکاری افسر تحریک انصاف کے شکست خوردہ عناصر کی چاپلوسی چھوڑ دیں ورنہ احتجاج کا دائرہ کار وسیع کردینگے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں