عید اور ٹرو پر گیس کا کم پریشر، شہریوں کو مشکلات

عید اور ٹرو پر گیس کا کم پریشر، شہریوں کو مشکلات

سرفراز کالونی ،شاہین آباد ،وحدت کالونی ،پیپلز کالونی ،دھلے و دیگر علاقوں میں خواتین محکمہ گیس کوکوستی رہیں ، کھابے تیار کرنے کے پروگرام اور پر تکلف دعوتیں ماند پڑ گئیں

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)عید الاضحی کے پہلے دو دن گوجرانوالہ ریجن کے اکثر علاقوں میں سوئی گیس کے کم پریشر نے لاکھوں گھریلوں صارفین کی زندگی مفلوج بنا کر رکھ دی ،گیس کے شارٹ فال نے شہریوں کا مزا کرکرا کر دیا ، کھابے تیار کرنے کے پروگرام اور پر تکلف دعوتیں بھی ماند پڑ گئیں ۔تفصیلات کے مطابق عید کے پہلے دوروز دیہی و شہری علاقوں میں صبح اور شام کے اوقات میں گیس کے کم پر یشر کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہاجس کی وجہ سے شہری کھانا بھی بروقت تیار نہ کر سکے ،عید کے پہلے دن سرفراز کالونی ،شاہین آباد ،وحدت کالونی ،پیپلز کالونی ،دھلے اور دیگر علاقوں میں گیس کے کم پریشر کے باعث خواتین محکمہ گیس کوکوستی رہیں جبکہ دوسرے دن بھی اکثر علاقوں گیس کے کم پریشر کی وجہ سے خواتین کو کھانے بنانے میں مشکلات کاسامنارہا جبکہ مرد حضرات کھانے کی تیاری کیلئے ایل پی جی گیس،کوئلے ،مٹی کے تیل اور لکڑی کی تلاش میں پھرتے رہے ، گیس حکام کے مطابق کچھ گھنٹوں کیلئے گیس کا پریشر کم ہوا اورباقی اوقات میں معمول کے مطابق گیس کی فراہمی جاری رہی ،ادھر علی پور چٹھہ سے نامہ نگار کے مطابق عید پر شہر میں سوئی گیس غائب رہی جس پر شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کامطالبہ کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں