ڈپٹی کمشنر گجرات کی انسداد ڈینگی کیلئے اقدامات کی ہدایت
میونسپل کمیٹیاں اپنی حدود میں بارشی پانی کھڑا نہ ہونے دیں:مہتاب وسیم
گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے کہا ہے کہ ڈینگی کے ممکنہ خطرے کو کم کرنے کیلئے برسات کے موسم کے پیش نظر میونسپل کمیٹیاں اپنی حدود میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں، محکمہ صحت کی ٹیمیں ٹائر شاپس،سکولز،شادی ہالز، انڈسٹریز پر خصوصی توجہ دیں،محکمہ زراعت و لائیو سٹاک تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کو مزید سخت کریں، تمام سرکاری ہسپتال ڈینگی کے مریضوں کیلئے الگ وارڈ اور بیڈز مختص کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،ایم ایس عزیز بھٹی شہید ہسپتال ڈاکٹر عابد محمود غوری،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر نعیم اختر،سی ای او ایجوکیشن چودھری اورنگزیب،ڈی ایچ او ڈاکٹر ذاکر علی رانا،ڈی ایچ او ڈاکٹر ایاز ناصر ودیگر افسروں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں موجود ڈینگی ہاٹ سپاٹس کی کوریج 100 فیصد یقینی بنائی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتال ڈینگی کے مریضوں کیلئے وارڈز اور بیڈ مختص کریں، سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ جنرل پریکٹیشنر بھی ڈینگی کے مشتبہ مریض رپورٹ کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ڈینگی سرویلینس کیلئے آئی ٹیموں کیساتھ مکمل تعاون کریں، برسات کے موسم گھروں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں ،دروازوں اور کھڑکیوں پر جالی کا استعمال کریں۔