کشمیر الیکشن میں عمران خان کا نظریہ کامیاب رہا:پی ٹی آئی

کشمیر الیکشن میں عمران خان کا نظریہ کامیاب رہا:پی ٹی آئی

مریم نواز کے بیانیے کو کشمیری عوام نے دفن کر دیا :اسلم گھمن ، عظیم نوری

سمبڑیال(سٹی رپورٹر )مرکزی رہنما پی ٹی آئی بریگیڈئیر (ر)اسلم گھمن اور سینئر رہنما عظیم نوری گھمن نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اور سمبڑیال کے عوام نے تاریخ رقم کر دی،کشمیری عوام وزیراعظم عمران خان کے نظریے پر آگئے جبکہ سمبڑیال میں تمام پولنگ سٹیشنوں پر ہماری جدوجہد رنگ لائی، مہاجرین جموں وکشمیر نے عمران خان ،چودھری مقبول گجر اورحافظ حامد رضا سے والہانہ محبت کا اظہار کیا اور آزاد کشمیر سمیت سمبڑیال میں پہلی مرتبہ پی ٹی آئی جیتی، آزاد کشمیر کے انتخابات عمران خان کے نئے کشمیر اور ایل اے 35 کا نتیجہ بدلتے سمبڑیال کے نام رہا، عمران خان محب وطن، جرات مند لیڈر کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں اسی وجہ سے کشمیر کا الیکشن عمران خان اور بلے کے نام رہا۔ ان خیالات کا اظہار دونوں رہنماؤں نے آزاد جموں کشمیر کے الیکشن میں پارٹی کی شاندار کامیابی پر وزیراعظم عمران،وزیراعلیٰ عثمان بزدار سمیت اہلیان تحصیل سمبڑیال کو مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں پی ٹی آئی بڑی سیاسی قوت بن کر ابھری جبکہ (ن)لیگ اور مریم نواز کے بیانیے کو کشمیری عوام نے دفن کر دیا اور شیر کووادی کشمیر کے نکال باہر کیا، اس طرح کشمیر میں باری باری اقتدار کا کھیل کھیلنے والے مافیاز کے بت پاش پاش ہو گئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں