کشمیر یوں نے کرپشن کے بت پاش پاش کر دئیے :نعیم جاوید
مخالفین رونے دھونے کے بجائے لوٹا ہوا پیسہ واپس کریں:صحافیوں سے گفتگو
ڈسکہ، ہیڈ بمبانوالہ، منڈیکی گو رائیہ (نمائندہ دنیا ،نامہ نگار)تحریک انصاف پنجاب کے جوائنٹ سیکرٹری اور سابق ضلعی ناظم سیالکوٹ میاں نعیم جاوید نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں کامیابی عمران خان کے نظر یے کی فتح ہے ، مخالفین رونے دھونے کے بجائے لوٹا ہوا پیسہ واپس کریں، کشمیری عوام نے عمران خان کے نظر یے کو قبول کرتے ہوئے کرپشن کے بت پاش پاش کئے ہیں ،اب کشمیری عوام کو صحیح معنوں میں اپنے مسائل حل ہوتے ہوئے نظر آئیں گے ۔ صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ نام نہاد کرپٹ ٹولے کو مسترد کرکے کشمیری عوام نے عمران خان کے کرپشن فری نظر یے کو قبول کیا ہے ، باشعور کشمیری عوام نے تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا اور مودی کے یاروں کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا، کشمیر کے عوام نے دھونس ،دھاندلی کے الزامات اور تنقید کی سیاست کو زمین بوس کردیا، 25جولائی تاریخ کا حصہ بن چکا ہے ، اس دن کشمیریوں نے مودی کے یاروں ،جعلی اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ اور سرٹیفائیڈ جھوٹوں کو سبق سکھایا، ملک میں عام انتخابات کے بعد گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام نے دونوں کرپٹ جماعتوں کو الوداع کہہ دیا جواپنی شادیوں پر مودی کو بلائیں ،آموں اور ساڑھیوں کے تحائف لیں ،حریت رہنماؤں کو نظر انداز کریں، کشمیری ان کو کبھی معاف نہیں کرسکتے ،کشمیریوں نے ووٹ سے انہیں ریجیکٹ کر دیا ۔