گجرات:ایک ارب 10 کروڑ روپے کے 8 منصوبے منظور
ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم نے جلد کام شروع کر نے کیلئے اقدامات کی ہدایت کر دی
گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار )ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے ضلع گجرات کیلئے ایک ارب 10کروڑ روپے کے 8منصوبوں کی منظوری دیدی گئی ، نئے مالی سال کے بجٹ میں شامل ان منصوبہ جات پر جلد کام کے آغاز کیلئے ٹینڈرنگ کا عمل فوری شروع کیا جائے ، ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے ترقیاتی محکموں کے سربراہوں کو ہدایت کر دی ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کمشنر گوجرانوالہ ذوالفقار گھمن کی زیر صدارت اجلاس میں گجرات کے 8نئے منصوبہ جات پیش کئے گئے جنہیں منظور کر لیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع گجرات کے جن منصوبہ جات کی منظوری دی گئی ہے ان میں 11 کروڑ 50 لاکھ روپے سے انٹر کالج فار بوائز کڑیانوالہ کی بطور ڈگری کالج اپ گریڈیشن، 15کروڑ روپے سے بنیادی مرکز صحت بھدر کی بطور آر ایچ سی اپ گریڈیشن، 17کروڑ روپے سے فاروق شہید ٹراما سنٹر سرائے عالمگیر، 17کروڑ روپے سے ٹراما سنٹر ڈنگہ کی تعمیر، 10کروڑ روپے سے یونین کونسل پیر خانہ سرائے عالمگیر میں گلیوں نالیوں کی تعمیر سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی، 12کروڑ روپے سے لالہ موسیٰ بائی پاس کی بحالی، 19کروڑ روپے سے بھدر اڈا تا صبور چوک لادیا ں روڈ کی تعمیر اور ساڑھے پانچ کروڑ روپے لاگت سے گجرات میں ٹراما سنٹر کی تعمیر شامل ہیں۔