پانی کی گزرگاہوں میں رکاوٹیں ،نشیبی علاقے زیر آ ب
کھیتوں میں فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ،شہریوں کا وزیر اعلیٰ سے نو ٹس کا مطالبہ
ہیڈ بمبانوالہ(نامہ نگار )سیلابی پانی کی گزرگاہ کے سامنے جگہ جگہ رکاوٹوں کے با عث نکاسی متاثر ہونے سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ، کھیتوں میں کھڑی فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے ۔ کنڈن سیان عیدگاہ روڈ پر سیلابی پانی کی نکاسی کیلئے تعمیر پختہ پلی کے سامنے تعمیرات اور جگہ جگہ رکاوٹوں کی وجہ سے پانی کی نکاسی سست روی کا شکار ہے جس کی وجہ سے موسم برسات میں نشیبی علاقے زیر آب آجاتے ہیں اور کھیتوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع رہنے سے سینکڑوں ایکڑ پر کاشت دھان کی فصل ہرسال تباہ ہوجاتی ہے جس سے کسانوں کوناقابل تلافی نقصان ہوتا ہے جبکہ حکومتی سطح پر آج تک اس کاکوئی سدباب نہیں کیا گیا ۔مکینوں چودھری امان اﷲ سیان، سیٹھ مٹھو ،غلام مصطفی بٹ اور امجد علی سندھو نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے فور ی نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔