ڈپٹی کمشنر ،ڈی پی او حافظ آباد کی یاد گار شہدا پر حاضری

 ڈپٹی کمشنر ،ڈی پی او حافظ آباد کی یاد گار شہدا پر حاضری

شہدا پو لیس کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا:محمد معصوم کی گفتگو

حافظ آباد(نامہ نگار، نمائندہ دنیا )نیشنل پولیس شہدا ڈے کے موقع پر یادگار شہدا جناح چوک حافظ آباد پر ڈی پی او حافظ آباد محمد معصوم نے ڈپٹی کمشنر رانا سلیم احمد کے ہمراہ فاتحہ خوانی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ڈی پی او محمد معصوم کا کہنا ہے رواں سال کورونا وائرس کے پیش نظر شہدا ڈے کی تقریب کو محدود کیا گیا ہے ،شہدا کے خاندانوں کو پولیس کی جانب سے تحائف انکے گھروں تک پہنچادئیے گئے ہیں،شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ آج ملک میں امن کی جو فضا قائم ہے اس کے پیچھے شہدا کی لازوال قربانیاں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حافظ آباد پولیس کے 18شہدا نے دہشتگردوں،سماج دشمن عناصر اورمعاشرے کے ناسوروں سے لڑتے ہوئے اپنی قیمتی جانیں قربان کی ہیں،ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ ڈی پی او کی ہدایت پر تمام سرکل افسر وں اور ایس ایچ اوز نے اپنے اپنے علاقے میں واقع شہدا کی قبروں پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ شہدا کی فیملیز میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے ۔ مرکزی انجمن تاجران اتحاد کے صدر ملک ہمایوں شہزاد، چیئرمین پریس کلب رانا ارشد انجم نے شہدا کے اہلخانہ کو گلدستے پیش کئے اور شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں