پاک انڈونیشیا تجارت کو مزید فروغ دینا ہوگا:انڈونیشین سفیر

پاک انڈونیشیا تجارت کو مزید فروغ دینا ہوگا:انڈونیشین سفیر

پاکستانی ایکسپورٹ بڑھانے کی ضرورت،سفارتخانہ آپ کی ہر طرح مدد کرنے کو تیار ،پاکستانیوں کیلئے انڈونیشیا میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود :آدم ملاور مین ٹیگیو

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)انڈونیشیا کے سفیر مسٹر آدم ملاور مین ٹیگیو نے کہا ہے کہ پاکستان، انڈونیشیامسلم برادر ممالک ہیں، دونوں ممالک کے مضبوط تجارتی تعلقات پہلے سے موجود ہیں اور ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے تجارت کو مزید فروغ دینا ہوگا۔اس وقت پاکستان کی انڈونیشیا میں بہت کم ایکسپورٹ ہے جس کو بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ایکسپورٹ کو بڑھانے کیلئے انڈونیشیا کا سفارتخانہ آپ کی ہر طرح مدد کرنے کو تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا میں پاکستانی مصنوعات کی بڑی مانگ ہے ان مصنوعات میں خصوصاً پاکستانی چاول،آم اور سنگترا ذائقے کے اعتمار سے منفرد مقام رکھتے ہیں۔ انڈونیشیا کے سیاحتی مقامات بہت خوبصورت ہیں ٹورسٹ حضرات سیر و سیاحت کیلئے انڈونیشیا ضرور وزٹ کریں۔علاوہ ازین پاکستانی بزنس کمیونٹی کیلئے انڈونیشیا میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس کے اراکین کے اجلاس میں شرکاء سے ملاقات کے دوران کیا جبکہ اجلاس کی صدارت چیمبر کے صدر عمر اشرف مغل نے کی۔ انہوں نے مزید کہاکہ انڈونیشیا میں ٹرید ایکسپو2021 منعقد ہو رہی ہے جس میں مقامی مصنوعات کو ڈسپلے کیا جا رہا ہے ۔ہماری خواہش ہے کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستانی کاروباری حضرات بھی اس نمائش میں شرکت کریں۔اس حوالے سے پاکستانی کاروباری حضرات کو ویزا کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑیگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں