گوجرانوالہ :سب سے بڑے سولر پاور پلانٹ کا افتتاح کردیاگیا
نجی جنرل ملزمیں افتتاح سالک حسین اورصوبائی وزیر حافظ عمار یاسر نے کیا
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) صنعتی شہر گوجرانوالہ میں شمسی توانائی کے سب سے بڑے سولر پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا گیا،نجی جنرل ملزمیں لگائے گئے ون میگا واٹ سولر پاور پلانٹ کا افتتاح چیئرمین قائمہ کمیٹی توانائی چودھری سالک حسین اور صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سالک حسین نے کہا کہ پاور سیکٹر کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ۔ پی ٹی آئی حکومت سستی بجلی کے حصول کی طرف گامزن ہے ، ماضی میں مہنگے منصوبے لگائے گئے ، بوجھ عوام کو اٹھاناپڑا ۔انہوں نے کہا کہ انرجی سے نہ صرف عام شہری مستفید ہوتے ہیں بلکہ صنعتوں کا پہیہ بھی چلتا ہے ، صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے کہا ہے کہ مقصود فلور اینڈ جنرل ملز نے یہ منصوبہ شروع کر کے ایک سنگ میل عبور کیا ہے ،ترقی یافتہ ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ماحول دوست، پائیدار اور محفوظ طریقے سے بجلی حاصل کرنے کے لیے شمسی توانائی کی طرف توجہ دی جا رہی ہے ۔ مقصود فلور اینڈ جنرل ملز کے ڈائریکٹرز خرم شہزاد،فرخ شہزاد اور ذوریز شہزاد نے کہا کہ انرجی سیکٹرمیں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں ۔