یو ایم ٹی میں قانون کی حکمرانی اور جمہوریت پر سیمینار کا انعقاد

یو ایم ٹی میں قانون کی حکمرانی اور جمہوریت پر سیمینار کا انعقاد

ہمیں آنے والی نسلوں کو بہتر پاکستان فراہم کرنے کی ضرورت :بیرسٹر اعتزاز احسن

لاہور (سٹاف رپورٹر ) یو نیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی ) کے شعبہ ٹی وی کے زیر اہتمام قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا گیا،جس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ جمہوریت ہم سب کا قانونی حق ہے اور ہماری جمہوری ذمہ داری صرف ووٹ ڈالنے کی حد تک ہی پوری نہیں ہو جاتی، جمہوریت تب آئے گی جب سماج کا ہر طبقہ دوسروں کا احترام کریگا اور انکی بات سنے گا۔ اعتزاز احسن کا مزید کہنا تھا کہ جہاں صبر اور برداشت نہیں وہاں جمہوریت نہیں ،انہوں نے اس حقیقت کو بھی تسلیم کیا کہ 70 سال گزر جانے کے بعد بھی ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک بہتر پاکستان فراہم کرنے سے قاصر ہیں اورہمیں انکوبہترپاکستان فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔سیمینار میں ہیڈ او سی ایم ثاقب اختر ، یو ایم ٹی سکول آف لا اینڈ پالیسی کے طلباء اور فیکلٹی سمیت دیگر پروگرامز کے پی ایچ ڈی سکالرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی، قبل ازیں یو ایم ٹی آمد پر صدر یوایم ٹی ابراہیم حسن مراد سے ملاقات کی اور یو ایم ٹی کے تمام شعبہ جات میں قابل گریجوایٹس پیدا کرنے کی تعریف کی۔ انہوں نے ابراہیم مراد کی نوجوان قائدانہ سلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والد ڈاکٹر حسن صہیب مراد (شہید) کی میراث کو بہت اچھے طریقے سے قائم رکھے ہوئے ہیں ۔ صدر یو ایم ٹی نے کہا کہ اعتزاز احسن جیسے سکالرز اور قانون دان پاکستان کا حقیقی اثاثہ ہیں ۔ ملاقات کے اختتام پر ابراہیم مراد نے بیرسٹر اعتزاز احسن کو سوینئر بھی پیش کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں