حکومتی اداروں کی غفلت , سینکڑوں سرکاری و غیر سرکاری عمارات فائر سیفٹی آلات سے محروم
قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے بھی کوئی حفاظتی انتظامات نہ ہوسکے،بیشتر عمارتوں میں ایمرجنسی سیڑھیاں تک تعمیر نہیں کی گئیں،آلات کاانتظام نہ کرنیوالے افسروں و اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے:صنعتی وتجارتی تنظیمیں
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر) حکومتی اداروں کی غفلت و بد عنوانی کے باعث سینکڑوں سرکاری وغیرسرکاری عمارات فائر سیفٹی آلات سے محروم ہیں جس کی وجہ سے خونی حادثات بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے بھی کوئی حفاظتی انتظامات نہ ہوسکے، بیشتر عمارتوں میں ایمرجنسی سیڑھیاں تک تعمیر نہیں کی گئیں، گزشتہ سال عمارتوں میں سیفٹی آلات کی فراہمی اور حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کا حکم دیا گیا لیکن ضلعی انتظامیہ،کارپوریشن،سول ڈیفنس،لیبر،ماحولیات کے افسروں کی عدم توجہی کے باعث عمل درآمد نہ ہوسکا، ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ شہر میں سینکڑوں کمرشل عمارات فائر سیفٹی آلات سے محروم ہیں جبکہ دیگر حادثات کی روک تھام کیلئے بھی کسی قسم کے حفاظتی انتظامات نہیں کروائے گئے صنعتی وتجارتی اورمزدور تنظیموں کے عہدیداروں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عمارتوں میں حفاظتی انتظامات پر عملد رآمد نہ کروانے والے افسروں واہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے اور فائرسیفٹی آلات کافوری انتظام کیاجائے۔