سیالکوٹ کو پنجاب کاماڈل ضلع بنا ئیں گے :عثمان ڈار
80 ارب روپے سے تر قیاتی کا موں کا جال بچھا دینگے :اجلاس سے خطاب
سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ80 ارب روپے سے سیالکوٹ کو پنجاب کاماڈل ضلع بنا ئیں گے اور شہر اقبال میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھادیں گے ، ضلع کی تاریخ کا سب سے بڑا سیوریج اور پینے کے پانی کے منصوبے پر کام جاری ہے ،اس کے علاوہ 22ارب 50 کروڑ کے 61 منصوبے جاری ہیں جبکہ سالانہ ترقی پروگرام میں امسال 101 نئی سکیمیں شامل کی گئی ہیں جن پر 29 ارب خرچ ہونگے ،16 ارب روپے سے ٹیکنیکل یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جبکہ مجموعی طور پر80 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے جون 2023 سے قبل مکمل کرینگے ،شہابپورہ فلائی اوور دسمبر کے آخر تک مکمل ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برقلعہ میں ڈسٹرکٹ کوآرڈنیشن کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرصوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چودھری محمد اخلاق ، معاون خصوصی وزیراعلیٰ احسن سلیم بریار، ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق، رہنما پی ٹی آئی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، بریگیڈیئر (ر)اسلم گھمن و دیگر بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق نے کہا کہ جمہوریت کو مضبوط کرنے اورصاف شفاف انتخابات کیلئے اصلاحات ضروری ہیں لیکن اپوزیشن تعاون نہیں کررہی۔