ہیڈبمبانوالہ:بجلی کے غیر قانونی میٹروں کی تنصیب جاری

 ہیڈبمبانوالہ:بجلی کے غیر قانونی میٹروں کی تنصیب جاری

مارکیٹوں، گوداموں میں کمرشل کے بجائے گھریلو سنگل فیز میٹرزلگائے جانے لگے ,نشاندہی کے با وجود حکام خاموش،روزنامہ دنیا کے رابطے پر مناسب جواب نہ دے سکے

ہیڈبمبانوالہ (نامہ نگار)گیپکو سب ڈویژن نمبر2میں غیر قانونی میٹروں کی تنصیب کاسلسلہ جاری ہے، بھاری رشوت کے عوض کمرشل مارکیٹوں اور گوداموں میں گھریلو سنگل فیز میٹرز نصب کئے جانے لگے۔عرصہ دراز سے قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے ایل ایس قمر ساہی کی جانب سے بمبانوالہ اور کنڈن سیان میں بھولا موسیٰ موڑ مشرقی عیدگاہ کے نزدیک اور بھونانوالی روڈ پر بڑی مارکیٹوں اور کمرشل گوداموں میں انڈی پینڈنٹ ٹرانسفارمرز لگا کر بجلی فراہم کرنے کے بجائے گھریلو میٹرز اور سنگل فیز کنکشن لگائے جا رہے ہیں۔ رشوت نہ دینے والے عام آدمی کو نیا کنکشن لگوانے کیلئے میٹر کے ساتھ انڈی پینڈنٹ ٹرانسفارمر لگوانے کا قانون بتا کر لاکھوں روپے کا ڈیمانڈ نوٹس جاری کردیا جاتا ہے، درخواستوں کے باوجود معاملے کی کہیں شنوائی نہیں ہو تی۔ روزنامہ دنیا کے رابطے پر گیپکو حکام ٹال مٹول کرتے رہے،کوئی مناسب جواب نہ دے سکے۔ شہریوں نے وفاقی وزیر بجلی اور چیف ایگزیکٹو گیپکو سے فوری نوٹس لیتے ہوئے غیر قانونی میٹرلگانے میں ملوث ایل ایس کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں