حکومت کا جی ڈی اے اور واسا کو فنڈز دینے سے انکار , اپنی مدد آپ کے تحت سیوریج سسٹم بہتر کرنے کا حکم
سڑکوں کی تعمیرو مرمت کے مزید کام جی ڈی اے کے بجائے محکمہ ہائی ویز کو سونپنے کا فیصلہ،واسا حکام نے محکمہ کو مالی خسارہ سے بچانے کیلئے ریکوری مہم تیز کردی،سپیشل ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کیلئے محکمہ جی ڈی اے اور واسا گوجرانوالہ کو تعمیرو مرمت،سیوریج سسٹم کی بحالی کیلئے فنڈز جاری کرنے سے انکار کردیا اور اپنی مدد آپ کے تحت محکمہ واسا سیوریج سسٹم کو بہتر کرنے کا حکم دے دیا جبکہ سڑکوں کی تعمیرو مرمت کے مزید کام جی ڈی اے کے بجائے محکمہ ہائی ویز کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے،واسا حکام نے محکمہ کو مالی خسارہ سے بچانے کیلئے ریکوری مہم تیز کردی ہے، گزشتہ سال کی نسبت واسا کے کمرشل اور انڈسٹریل صارفین کے بلوں میں کئی گنا اضافہ کیا گیا ہے،بیشتر فیکٹریوں،کارخانوں اور میرج ہالز نے واجبات کی ادائیگی نہیں کی اور 45 ہزار سے زائد نادہندگان نے متعدد بار نوٹسز بھجوانے کے باوجود ادائیگی سے انکار کردیا ہے جس پر واسا نے مالی پوزیشن مستحکم کرنے کیلئے کمرشل اورانڈسٹریل صارفین کے بلوں کی ریکوری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، دوسری جانب محکمہ جی ڈی اے فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث رواں مالی سال کوئی نیا ترقیاتی پراجیکٹ شروع نہیں کرسکے گا۔