ڈینگی ایس او پیز پر عمل نہ کرنیوالے یارڈز سیل کرنیکا حکم
ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلینس جاری رکھی جائے :ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤ الدین
منڈی بہاؤ الدین (نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ ڈینگی کی افزائش کے تمام ممکنہ مقامات کی باقاعدگی سے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلینس جاری رکھی جائے ، انہوں نے محکمہ صحت اور ماحولیات کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے یارڈز کو سیل کریا جائے ۔انہوں نے کہاکہ مون سون سیزن میں ہاٹ سپاٹ جگہوں کی مستقل بنیادوں پر لاروا سائیڈنگ کی جائے تا کہ ڈینگی کی افزائش ممکن نہ ہو سکے ، انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں کسی قسم کی سستی اور غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں سی او ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل نے اجلاس کو ان ڈور، آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس،ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک،ڈینگی لاروا سائٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ہاٹ سپاٹ جگہوں کی چیکنگ کے دوران 10جگہوں سے لاروے پائے جانے پر فوری طور پر مکینیکل لاروا سائیڈنگ کر دی گئی ہے جبکہ سو فیصد تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں ابھی تک ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔