ورکرز ویلفیئر سکول کالج کے طلبہ سفری سہولت سے محروم
طالبات خوار ہو کر سکول کالج پہنچنے پر مجبور ،والدین سراپا احتجاج ،نوٹس لینے کا مطالبہ
گجرات(نامہ نگار )ورکرز ویلفیئر سکول کالج کے طلبہ وطالبات کو سفری سہولیات سے محروم کر دیا گیا، طالبات خوار ہو کر سکول کالج پہنچنے پر مجبور ہو گئیں ،والدین سراپا احتجاج بن گئے ۔ حکومت پنجاب کی طرف سے ورکرز ویلفیئر سکول کالج کیلئے سفری سہولیات کیلئے مختص گاڑیوں کو سروس دینے سے روکے جانے کے فیصلے نے نہ صرف طلبہ وطالبات کو مشکلات میں مبتلا کردیا بلکہ والدین میں بھی تشویش کی لہر دوڑا دی، فیصلے کے خلاف مختلف شہروں میں متاثرہ طلبہ وطالبات کے والدین اور سماجی تنظیموں کی طرف سے احتجاج بھی شروع کردیا گیا ہے تاہم گجرات کے متاثرین تاحال حکومت کی طرف سے فیصلے پر نظرِ ثانی کیلئے انفرادی طور پر سکول انتظامیہ سے ہی مطالبات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق دوسرے شہروں کی طرح گجرات میں بھی تشویش کو مدنظر رکھتے ہوئے والدین کی طرف سے احتجاج کا سلسلہ شروع کئے جانے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا، مقتدر اداروں کو بچوں خصوصاً طالبات کی سفری مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے بہتر فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔