سی ای او ایجوکیشن نے رہائشگاہ کی آرائش کا حکم دیدیا
فنڈز دستیاب نہیں لیکن حکم عدولی بھی نہیں کر سکتے :عملہ کشمکش میں مبتلا
حافظ آباد (نامہ نگار، نمائندہ دنیا )فنڈز کی عدم دستیابی کے باوجود نئے تعینات ہونے والے سی ای او ایجوکیشن نے اپنی رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کیلئے ماتحت عملہ کو احکامات جاری کر دئیے ۔ حافظ آباد میں حال ہی میں تعینات ہونے والے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن جاوید اقبال بابر نے چارج سنبھالتے ہی اپنی سرکاری رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کیلئے ماتحت عملہ کو احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ تعلیمی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مد میں ابھی فنڈز دستیاب نہیں ہیں لیکن باس کے زبانی احکامات کی حکم عدولی بھی نہیں کر سکتے ۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ سابق سی ای او حافظ آباد چودھری محمد امین بھی اسی رہائش میں رہائش پذیر تھے لیکن موجودہ سی ای او ایجوکیشن کو پسند نہیں۔